ہوم

🔷 تعارف

اگر آپ اردو کے طالب علم ہیں یا اردو سے محبت کرنے والوں میں سے ہیں تو آپ بالکل درست جگہ آئے ہیں۔ ہمارا مقصد آپ کی ادبی ضرورتوں کو پورا کرنا ہے۔ بقول شاعر ”میرا پیغام محبت ہے جہاں تک پہنچے“ ۔ پہلے کچھ ہمارے بارے میں جان لیجیے کیوں کہ بقول شاعر ” نشہ بڑھتا ہے شرابیں جو شرابوں میں ملیں“۔
معیاری اردو ایک ہمہ جہت تعلیمی و ادبی ویب سائٹ ہے جس کا مقصد اردو زبان، ادب اور تعلیم کو ڈیجیٹل دنیا میں ایک منظم، معیاری اور قابلِ اعتماد شکل میں پیش کرنا ہے۔ یہ پلیٹ فارم اردو کے طلبہ، اساتذہ، محققین، ادیبوں، شاعروں اور عام شائقینِ اردو،سب کے لیے یکساں طور پر مفید ہے۔ کیوں کہ
یہاں اردو تعلیم کا سفر کلاس اول سے پی ایچ ڈی اور تحقیق و تنقید تک پر محیط ہے جہاں نصابی مواد، نوٹس، تشریحات، تحقیقی مضامین اور ادبی متون کو آسان، واضح اور معیاری زبان میں پیش کیا جاتا ہے۔ گزشتہ تقریباً آٹھ برسوں سے ہم اردو کے طلبہ، بچوں، قارئین اور اردو سے وابستہ افراد کے لیے تعلیم، رہنمائی اور ادبی مواد کو آسان اور قابلِ رسائی بنانے کے لیے سرگرمِ عمل ہیں۔
ہم ایسے عہد میں جی رہے ہیں جہاں علم کی دنیا تیزی سے کتاب سے اسکرین، کاغذ سے ڈیجیٹل پلیٹ فارم اور روایتی کلاس روم سے آن لائن دنیا کی طرف منتقل ہو رہی ہے۔ ایسے میں اگر اردو کو زندہ، متحرک اور آنے والی نسلوں سے مربوط رکھنا ہے تو ضروری ہے کہ اردو کا علمی و ادبی سرمایہ بھی جدید ذرائع کا حصہ بنے۔ معیاری اردو اسی ضرورت کا ایک جواب ہے۔
ہماری بنیادی فکر یہ ہے کہ اردو کا علم چند کتابوں، چند اداروں یا چند مخصوص طبقات تک محدود نہ رہے۔ ایک بچہ اپنی ضرورت کی تعلیم مفت حاصل کر سکے، ایک طالب علم مسابقتی امتحان کی تیاری کے لیے درست رہنمائی پا سکے، ایک محقق معتبر مواد تک پہنچ سکے اور ایک عام قاری اپنے گھر بیٹھے اردو ادب سے وابستہ ہو سکے،یہی ہمارے کام کی بنیادی سمت ہے۔ لیکن ہماری منزل صرف تعلیم کی فراہمی نہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ اردو کا قاری اردو ادب سے دوبارہ جڑے، نئی نسل اردو کو صرف ایک مضمون نہیں بلکہ علم و فکر کی زبان سمجھے، اور اردو کا عظیم علمی و ادبی سرمایہ ڈیجیٹل دنیا میں محفوظ بھی ہو اور نئی نسل کی دسترس میں بھی آئے۔ اسی مقصد کے تحت معیاری اردو کا سفر تعلیم سے ادب تک، کتاب سے ڈیجیٹل دنیا تک اور آج کی نسل سے اردو کے مستقبل تک جاری ہے۔ اسی مقصد کے تحت معیاری اردو فاؤنڈیشن کے یوٹیوب پلیٹ فارم کے ذریعے ہم مفت تعلیم فراہم کر رہے ہیں اور ہر سال ہزاروں طالب علم اس سے مستفید بھی ہوتے ہیں۔


🌱 ویژن
میاری اردو کا ویژن یہ ہے کہ اردو کو صرف ایک مضمون یا زبان کے طور پر نہیں، بلکہ
علم، تہذیب، فکر اور اظہار کے مکمل نظام کے طور پر پیش کیا جائے۔
ہم چاہتے ہیں کہ یہ ویب سائٹ:
اردو کا ایک ڈیجیٹل تعلیمی مرکز بنے
طلبہ کے لیے امتحانی رہنمائی
محققین کے لیے علمی مواد
شائقین کے لیے ادبی ذوق
اور عام قاری کے لیے اردو سیکھنے کا آسان ذریعہ ثابت ہو
ہمارا خواب ہے کہ اردو زبان جدید تقاضوں کے ساتھ ہم آہنگ ہو کر
ہر عمر، ہر سطح اور ہر مزاج کے قاری تک پہنچے۔

معیاری اردو یوٹیوب چینل کے ذریعہ 2018 سے مغربی بنگال کی دسویں، گیارہوں اور بارہویں جماعت کے بچوں کو اردو مضمون مفت میں پڑھایا جاتا ہے اور یہ سلسلہ ہنوز جاری ہے۔ اسی طرح نارتھ بنگال یونیورسیٹی کی ماتحت اسلام پور کالج کے بی اے کے طالب علموں کو اردو مضمون نہ صرف پڑھایا جاتا ہے بلکہ انھیں نوٹس بھی دئیے جاتے ہیں۔

معیاری اردو یوٹیوب چینل پر نیٹ جے آر ایف کی تیاری بھی کرائی جاتی ہے۔ اسی مقصد کو وسعت دیتے ہوئے اب یہ ویبسائٹ آپ کی خدمت میں حاظر ہے جس کے ذریعہ نہ صرف ریاستی سطح پر بلکہ قومی سطح پر کی ہر جماعت کے طالب علموں کی مدد کی جائے اور اردو سے دلچسپی رکھنے والے حضرات کے ذوق کی تشنگی کو بجھائی جائے گی۔ ساتھ ہی نوتس بھی فراہم کیا جائے گا۔

 

نہیں کھیل اے داغؔ یاروں سے کہہ دو
کہ آتی ہے اردو زباں آتے آتے